برآمدات ٹیکس نیٹ میں اضافہ‘ وصولی بہتر‘ تجارتی خسارہ کم: وزیراعظم کو بریفنگ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو ملک کی معاشی صورتحال پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ معاشی پالیسیوں‘ اصلاحات کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ برآمدات میں اضافہ اور رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں تجارتی خسارے میں 38 فیصد کمی ہوئی۔ ٹیکسوں کی وصولی میں بہتری‘ ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوا۔ نجی کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ سیکرٹری خزانہ نے معیشت کی بحالی‘ استحکام بارے اقدامات‘ مالی سال کی ہر سہ ماہی کیلئے مقرر کئے گئے اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سہ ماہی اہداف کے حصول‘ کامیابیوں کی جانچ کیلئے ٹائم لائن وضع کی جائے۔ زراعت کے ہر شعبے کے فروغ کیلئے ایک مفصل پالیسی تشکیل دی ہے۔ عوام کو زرعی پالیسی اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت ایس ایم ایز کو ہرممکن سہولت فراہم کی پالیسی پر کاربند ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ماضی میں بدانتظامی پر بند کارخانوں اور بیمار صنعتوں کی بحالی پر توجہ دی جائے بیمار منفی یونٹس کی بحالی کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا جائے، تعمیرات کو صنعت کا درجہ دینے اور فکس ٹیکس کے نفاذ کی تجویز کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اپارٹمنٹس کی تعمیرات میں سرمایہ کاری کیلئے صورتحال پیکیج کی تجویز پر غور کیا جائے۔ چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ حالیہ مہینوں میں ٹیکس کی وصولیوں میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ حکومتی کوششوں سے ٹیکس نیٹ میں ہی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جو ملکی معیشت کیلئے ایک مثبت قدم ہے۔ گورنر سٹیٹ بنک نے بتایا کہ ایکسپورٹرز نے حکومتی پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، برآمد کنندگان کی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ معیشت کی بہتر کیلئے آؤٹ آف باکس سلوشن تجاویز پیش کی جائیں قابل عمل تجاویز پر تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔ معیشت کے استحکام اور کارروباری طبقے کو ہر سہولت کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ بعض عناصر نے معیشت پر بے بنیاد پروپیگنڈے کا حقائق کے ساتھ بھرپور جواب دیا جائے عوام کے سامنے ماضی کی صورتحال اور موجودہ بہتری کی صورتحال واضح کی جائے۔
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر پارلیمانی امورمحمد اعظم خان سواتی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی، وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو قومی اسمبلی اور سینٹ میں قانون سازی کی پیشرفت کے بارے میں بتایا، وزیراعظم نے وفاقی وزیر کو ہدائت کی اپوزیشن کی جانب سے گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈرز ،آرڈی یننسز کے اجراء اور دوسرے ایشوز کو اٹھائے جانے پر حکومت کے موقف کو موثر انداز میں پیش کرنے کی ہدائت کی، انہون نے وفاقی وزیر کو اہم معاملات کے بارے میں قانون سازی میں تیزی لانے کی بھی ہدائت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں وزیراعظم کے دورہ امریکہ پر بھی بات چیت کی گئی، وفاقی وزیر نے بتایا کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران مختلف امریکی شہروں میں پاکستانی کمیونٹی کشمیری عوام کے حق اور بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کرے گی اور متعدد مظاہرے کئے بھی گئے ہیں۔