• news

سیاسی ٹمپریچر نارمل‘ ڈیل کی خبروں میں صداقت نہیں: پرویز الٰہی

وزیر آباد+گوجرانوالہ (نامہ نگار‘نمائندہ خصوصی) قائم مقام گورنر پنجاب و سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ سیاسی ٹمپریچر نارمل ہے ڈیل کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ وزیر آباد کے دورہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ سیاسی انتقام کی پالیسی رکھنے والوں نے ہر جگہ غریبوں سے بددعائیں لی ہیں۔ ہماری حکومت افواہوں کی بجائے کام پر یقین رکھتی ہے۔ گوجرانوالہ ڈویژن کی عوام کی سہولت کیلئے وزیرآباد میں انسٹی ٹیوٹ کا قیام 2007 میں عمل میں لایا گیا اگر یہ ادارہ بروقت چلنے دیا جاتا تو ہزاروں جانیں ضائع ہونے سے بچ سکتی تھیں۔ شریف برادران نے لاہور سرجیکل سینٹر میں ایئر ایمبولینس کیلئے ہمارے بنائے گئے پلان کو ختم کروادیا تھا۔ مریضوں کیساتھ ظلم اور غریبوں کی بددعائیں شریف فیملی کو لے ڈوبی ہیں۔اس موقع پرآر پی او گوجرانوالہ طارق عباس قریشی،سی پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر معین مسعود، ایم ایس ڈاکٹر عبد الطیف ،ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر غلام مرتضیٰ قاضی،اسسٹنٹ کمشنر وقار حسین ،اے ایس پی سرکل فرحان خان،خالد محمود چیمہ، ندیم اختر ملہی،جمشید رسول وڑائچ، ذبیدہ احسان چوہدری ،ذوالفقار اسلم چیمہ سابق تحصیل ناظم سمبڑیال،محمدافضل چیمہ سابق ناظم کوپرا،سید عابس شاہ گیلانی،ذوالفقار چیمہ،میاں احمد رضا ،صفدر کلیار،مہر اشرف ،ساجد جوندہ ،صغیر چٹھہ ودیگر بھی موجودتھے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ آئندہ بجٹ کیلئے ہمارا وزیرآباد کارڈیالوجی کیلئے 84 کروڑ روپے بجٹ مختص کرنے کا ارادہ ہے اس سلسلے میں وزیراعلی پنجاب اور منسٹر ہیلتھ سے بھی بات ہو گئی ہے کہ بجٹ پاس ہی تب ہونے دیا جائے گا جب کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کو درکار فنڈز منظور کئے جائیں گے۔ ہمارا پہلے سے ہی اس انسٹیٹیوٹ کیلئے 200 بیڈز کا منصوبہ تھا انشاء اللہ اسے 100 سے 200 تک پہنچایا جائے گا۔ چوہدری پرویز الٰہی نے انسٹی ٹیوٹ کو درکار سٹاف کی کمی دور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ کشمیر ایشو پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے انٹرنیشنل سطح پر مودی اور آر ایس ایس کے عزائم کو بے نقاب کردیا ہے وہ وقت دور نہیں جب کشمیری آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن