سٹیون سمتھ کی شاندار کارکردگی انضمام الحق کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک )سابق آسٹریلین کپتان سٹیون سمتھ اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں اور ایشز سیریز کے دوران شاندار کارکردگی کی بدولت ہر دوسرے دن نت نئے ریکارڈز اپنے نام کرتے جا رہے ہیں۔ سیریز کے پانچ میں سے صرف 4 میچوں میں شرکت کرنے کے باوجود سمتھ اب تک ایشز سیریز کے دوران 6 اننگز میں 751 رنز سکور کر چکے ہیں۔اوول میں کھیلے جا رہے ایشز سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں بھی سمتھ نے 80رنز کی اننگز کھیلی اور سابق کپتان انضمام الحق کا منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔انضمام الحق نے انگلینڈ کے خلاف لگاتار 9 نصف سنچریاں سکور کی تھیں اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں کسی ایک ٹیم کے خلاف مسلسل سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز تھے لیکن اب یہ ریکارڈ سمتھ کے نام ہے۔30 سالہ سمتھ اس سیریز میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں مسلسل 10 نصف سنچری یا اس سے زائد سکور کر چکے ہیں جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ان دونوں کے علاوہ جنوبی افریقہ کے جاک کیلس اور سری لنکا کے کمار سنگاکارا کو بالترتیب پاکستان اور بنگلہ دیش کے خلاف لگاتار 8 میچوں میں نصف سنچری یا اس سے زائد رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔پانچویں ایشز ٹیسٹ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت سٹیون سمتھ نے سر ایورٹن ویکس کا 70سال پرانا عالمی ریکارڈ بھی برابر کردیا۔سر ایورٹن ویکس نے 1949 میں مسلسل 6اننگز میں 75 یا اس سے زائد رنز سکور کیے تھے اور اس سیریز کے دوران سمتھ بھی مسلسل یہ کارنامہ انجام دے کر اس عالمی ریکارڈ کے مالک بن چکے ہیں۔اگر سمتھ اگلی اننگز میں بھی 75 یا اس سے زائد رنز اسکور کرتے ہیں تو وہ ایک اور عالمی ریکارڈ کے مالک بن جائیں گے۔