• news

شاہ محمود نے کشمیر میں مظالم اجاگر کرنے کیلئے انسانی حقوق تنظیموں کے کردار کو سراہا

جنیوا ( وقار ملک ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنیوا میں سول سوسائٹی آرگنائزیشنز انٹرنیشنل ہیومن رائٹس ایسوسی ایشن آف امریکن مینارٹیز کے سیمینار میں شرکت کی۔ بین الاقوامی شہرت کی حامل سول سوسائٹی آرگنائزیشنز اور انسانی حقوق پر کام کرنے والی عالمی تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ وزیر خارجہ نے شرکاء کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور ان کے نتیجے میں خطے کو درپیش مضمرات سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے نہتے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو دنیا بھر کے سامنے لانے میں بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق پر کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے کردار کی تعریف کی اور یورپین یونین کی مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی دلچسپی کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے سول سوسائٹی آرگنائزیشنز کے مندوبین سے کہا مظلوم کشمیریوں کیلئے کی گئیں ان کی کاوشیں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔ ان کو حقوق تک رسائی ملے گی۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ، انٹرنیشنل کمشن آف جیورسٹ، انٹرنیشنل سروس فار ہیومن رائٹس، انٹرنیشنل فیڈریشن فار ہیومن رائٹس، یونیورسل رائٹس گروپ جیسی تنظیموں کے نمائندگان، مندوبین شامل تھے یورپی ارکان پارلیمنٹ بھی شریک ہوئے۔ بیرسٹر مجید ترمبو نے وزیر خارجہ کے دورہ جنیوا کو ہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیمینار کے انعقاد سے عالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ ایک مرتبہ پھر اجاگر ہوا، بھارت کے ظلم اور قتل و غارت اور فاشسٹ ازم زبان زد عام ہوتا جا رہا ہے انٹرنیشل ہیومن رائٹس کونسل نے ہماری آواز میں اپنی آواز شامل کر کے مسئلہ کشمیر کو انسانی مسلہ قرار دے دیا 50 سے زائد ممالک کی حمایت سے ہمارے نقطہ نظر کو تقویت ملی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن