یورپی ممالک نے نیتن یاہو کا وادی اردن سے متعلق منصوبہ مسترد کر دیا
لندن(این این آئی)عرب ممالک اور عالم اسلام کی طرف سے فلسطین کی مقبوضہ وادی اردن کو اسرائیل میں ضم کرنے کے نیتن یاھو کے اعلان کی مذمت کے بعد یورپی ممالک نے بھی نیتن یاھو کا منصوبہ مسترد کر دیا ہے۔غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق پانچ یورپی ملکوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے نواحی علاقے وادی اردن کو اسرائیل میں ضم کرنے کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔برطانیہ، فرانس، جرمنی، اٹلی اور اسپین نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کا وادی اردن سے متعلق بیان تشویش ناک ہے اور اس طرح کے اقدامات اور اعلانات سے خطے میں دیر پا قیام امن اور دو ریاستی حل کی کوششوں کو غیرمعمولی نقصان پہنچے گا۔