حکومت کو کرپشن زدہ اپوزیشن کی اُٹھک بیٹھک سے کوئی خطرہ نہیں:ہمایوں اختر
اسلام آباد( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وفاق کی بات کرنے والی پیپلز پارٹی کو اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے سندھ کارڈ کی باتیں زیب نہیں دیتیں،مالی سال کے پہلے دوماہ میں تجارتی خسارہ 38 فیصد تک کم ہوا ہے جبکہ جون 2020 تک مجموعی خسارے میں 27 ارب 47 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ،نئی صنعتوں کیساتھ بند پڑی ہوئی صنعتوں کی بحالی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنمائوں اور صنعتکاروں کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کے عملی اقدامات سے ثابت ہو گیا ہے کہ کسی صورت بھی مسئلہ کشمیر کو سردخانے کی نذر نہیں ہونے دیا جائے گا اور پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر سطح پرحمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ادوار میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی نہیں بلکہ تباہی اور بربادی کرنے کی دوڑ لگی ہوئی تھی اور دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر بازی لے جانے میں کامیاب رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کرپشن زدہ اپوزیشن کی اُٹھک بیٹھک سے کوئی خطرہ نہیں ،اپوزیشن کی ساری مشق تاریکی میں ڈوبی ہوئی اپنی سیاست کو بچانے کے ناکام حربے ہیں۔