• news

آئی ایم ایف مشن کی آج پاکستان آمد ، معاشی اصلاحات ، بجٹ اہداف کے حصول کیلئے تجاویز دیگا

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزارت خزانہ کے حکام نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا ایس او ایس مشن آج پاکستان پہنچ رہا ہے، یہ وفد معاشی مشاورت کے لیے پاکستان آ رہا ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف مشن آج پاکستان پہنچے گا جس کی سربراہی ڈائریکٹر جنوبی اور وسطی ایشیا جہاد اظہور کریں گے۔ آئی ایم ایف وفد معاشی مشاورت کے لئے پاکستان آ رہا ہے۔ ایس او ایس مشن معاشی اصلاحات پر پاکستان کو تجاویز دے گا۔ مشن بجٹ اہداف کے حصول میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔ وزارت خزانہ کے مطابق ایس او ایس مشن کو ٹیکس آمدن پر بریفنگ دی جائے گی، اور ٹیکس ہدف کے حصول پر بات چیت کی جائے گی۔ حکام نے کہا ہے کہ مالی خسارہ کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ توانائی کے نقصانات کم کرنے کے لیے بھی تجاویز پر مشاورت ہوگی۔ دو دن قبل عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ڈائریکٹر جیری رائس نے کہا تھا کہ پاکستان کو مالیاتی خسارہ کم کرنے کی شدید ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن