• news

بھارت غاصب ، کشمیری تنہا نہیں، جائزہ لے رہے ہیں : متوقع امریکی صدارتی امیدوار ، رکن کانگریس

کیلیفورنیا (صباح نیوز، نیٹ نیوز) امریکی کانگریس کی امور خارجہ کی ذیلی کمیٹی کے چیئرمین بریڈ شرمین نے کشمیری رہنمائوں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں کشمیری رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر میں مقیم اپنے عزیزوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ کشمیری رہنمائوں کا کہنا تھاکہ وہ اپنے عزیزوں سے رابطہ اور مریضوں کا علاج نہیں کر سکتے۔ بریڈ شرمین نے پاکستانی امریکی ڈاکٹر آصف محمود کی کیلی فورنیا میں رہائش گاہ پر ایک تقریب میں بھی شرکت کی۔جبکہ نجی ٹی وی سے انٹرویو میںرکن کانگریس بریڈ شرمین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے بعد کانگریس کے ہونے والے اجلاس کے موقع پرا مریکی کانگریس کی امور خارجہ کی ذیلی کمیٹی مقبوضہ کشمیر کے معاملہ پر سماعت کرے گی۔ کمیٹی کے اجلاس میں جنوبی ایشیاء کے چیف سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ افسر بھی شرکت کریں گے ۔ بریڈ شرمین کا کہنا تھا کہ میری تو خواہش تھی کہ کمیٹی فوری طور پر مقبوضہ کشمیر کے معاملہ کی سماعت کرتی تاہم سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے حکام کی اجلاس میں شرکت کو یقینی بنانے کے لئے سماعت بعد میں کی جائے گی۔ بھارت کو اپنے لوگوں کے تحفظ کے لئے سب کچھ کرنا چاہیئے خاص طور پر وہ لوگ جو مریض ہیں۔ بھارتی اقدامات کے سبب کشمیری اپنے عزیزوں سے رابطہ، مریضوں کاعلاج نہیں کر سکتے جب کہ وہاں تو اپوزیشن تک کو پابندیوں کا سامنا ہے۔ امریکہ پوری دنیا میں انسانی حقوق کے مسائل پر توجہ دیتا ہے اور ہمارے لئے یہ بھی ضروری ہے کہ جو کچھ کشمیر میں ہو رہا ہے اس پر توجہ مرکوز کی جائے، امید ہے بھارت خوراک، ادوات کی فراہمی اور مواصلاتی ذرائع بحال کریگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری فوری توجہ تو مقبوضہ کشمیر میں جاری صورتحال کی بہتری پر ہو گی تاہم بھارت کی جانب سے آرٹیکل 370کے خاتمہ معاملہ پر بھی ہم بات کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری توجہ انسانی حقوق کے معاملات پر ہو گی۔ امریکہ میں ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار بننے کی خواہشمند کاملا ہیرئس نے کہا ہے کہ کشمیری تنہا نہیں، صورتحال دیکھی جا رہی ہے۔ ٹیکساس میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کاملا ہیرئس نے کہا کہ امریکی اقدار یہ ہیں کہ انسانی حقوق کا معاملہ اٹھایا جائے اور جہاں مناسب ہو وہاں مداخلت کی جائے ، ان کا کہنا تھا کہ وہ صدر بنیں تو اِنہی اقدار پر عمل کریں گی۔ہیرئس کا کہنا تھا کہ غاصب سمجھتا ہے کہ اس کے اقدامات کوئی نہیں دیکھ رہا مگر کشمیر کے معاملے پر ایسا نہیں ہے۔ امریکہ کے سابق نائب صدر اور ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند جوبائیڈن نے بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کی۔ جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ کشمیر میں جو ہو رہا ہے‘ اسے تبدیل ہونا چاہیے۔

ای پیپر-دی نیشن