کوئٹہ مین عوامی مارچ : قومی یکجہتی ایٹم بم سے زیادہ اہم چیز ہے : سراج الحق
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی نے کوئٹہ میں عوامی مارچ کیا۔ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ بھی جاگ رہے ہیں۔ جلسہ مقبوضہ کشمیر کے عوام دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان اور کشمیریوں کی خاطر جان قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔ کشمیر میں 42 روز سے کرفیو نافذ ہے۔ بلوچستان کے غیور قبائل بھی کشمیریوں کی پشت پر کھڑے ہیں۔ کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم جاری ہیں، سکول اور کالجز بند ہیں، کشمیریوں کو جمعہ کی نماز ادا نہیں کرنے دی گئی، افسوس کہ عالمی برادری بھارتی مظالم پر خاموش ہے۔ دریں اثناء کوئٹہ میں قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قومی یکجہتی اور اتحاد ایٹم بم سے زیادہ اہم چیز ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، مظفر اباد کے جلسے میں ساری جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جاتی تو ساری سیاسی قیادت ایک صف میں نظر آتی مگر افسوس کہ وزیراعظم نے ابھی تک اپنی ذمہ داری کو محسوس نہیں کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ جب بات کشمیر کی ہو تو ساری سیاست ایک طرف رہ جاتی ہے، صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے خطاب کے موقع پر قوم کو سیسہ پلائی دیوار کی طرح نظر آنا اور کشمیریوں کو واضح پیغام جانا چاہیے تھا مگر صدر کے خطاب میں حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے ایسا نظر نہیں آیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیر اعلی، بلوچستان کوئٹہ کو 20 سال کے لیے ٹیکس فری قرار دیں تو کراچی کے سارے تاجر اپنے سرمائے سمیت کوئٹہ آ جائیں گے۔