• news

کیولری گراؤنڈ: ڈولفن سکواڈ کا نوجوان پر تشدد‘ تھپڑ کی ویڈیو وائرل‘ 2 اہلکار معطل

لاہور (نامہ نگار) کیولری پل پر ڈولفن سکواڈ اہلکاروں نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بناڈالا۔ ڈولفن اہلکاروں کی نوجوان کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو مختلف ٹی وی چینلز پر چلنے پر آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لے لیا جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے ڈولفن ٹیم تھانہ نصیرآباد کے اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے شہریوں پر تشدد کا سلسلہ جاری رہا۔ تھانہ نصیر آباد کے علاقہ کیولری پل (فلائی اوور) پر ڈولفن سکواڈ اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو سرعام تشدد کا نشانہ بناڈالا اور اسے تھپڑ مارے۔ تشدد کے بعد موٹر سائیکل سواروں زبیر اور عبدالرحمن کو تھانہ نصیر آباد میں بند کردیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس واقعہ کی موبائل ویڈیو مختلف ٹی وی چینلز پر چلنے پرآئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان کے احکامات پر ڈولفن ٹیم 302 کے اہلکاروں کو معطل کر دیا گیاہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق موٹرسائیکل سوار مقامی جگہ پرخطرناک انداز میں ون ویلنگ کر رہے تھے۔ ملزمان پر تھانہ نصیر آباد میں ون ویلنگ کا مقدمہ بھی درج ہے۔ افسران کی ہدایت پر ایس پی ڈولفن بلال ظفر معاملہ کی ریگولر انکوائری خود کر رہے ہیں، اس حوالے سے ڈولفن ٹیم کو معطل کر کے کلوز ہیڈکوارٹرز کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ڈولفن سکواڈ کا کہنا ہے کہ شہریوں سے بدسلوکی و اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے ملوث اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے جس کے بعد انکے خلاف انکوائری شروع ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن