غیر ملکی کرکٹرز ملاقات میں عبدالقادر کا پوچھتے تھے : اسد رئوف
لاہور(نمائندہ سپورٹس)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں شامل سابق پاکستانی امپائر اسد رؤف کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی لیگ سپنر شین وارن جب بھی ملتے گریٹ عبدالقادر کی خیریت پوچھتے اور کہتے پاکستان واپس جا کر میری نیک خواہشات ان تک پہنچانا۔ کئی مرتبہ ویوین رچرڈز نے بھی عبدالقادر کے بارے میں پوچھا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ کرکٹ کی دنیا میں عبدالقادر ایک اہم شخصیت تھے۔ دنیا بھر میں ان کے پرستار تھے۔ عظیم کھلاڑی جن کے لاکھوں پرستار ہوتے ہیں وہ عبدالقادر کے پرستار تھے۔ بیرونی دنیا میں ان کی بہت عزت تھی۔ عبدالقادر کے انتقال سے ہم ایک بڑے کرکٹر اور محب وطن پاکستانی سے محروم ہوئے ہیں۔ وہ ایک عظیم کھلاڑی اور اصول پسند کرکٹر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں جائیں گے۔ ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے لیگ سپن باؤلنگ کو ٹیم کی ضرورت بنایا اور یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کی تاریخ نمایاں مقام حاصل کیا۔ یہ عبدالقادر ہی تھے جن کی وجہ سے نوجوان کرکٹرز سپن باؤلنگ کے شعبے میں آئے۔ عبدالقادر کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں کامیاب ہونے والے تمام لیگ سپنرز ان کی صلاحیتوں کے معترف رہے ہیں۔ وہ پاکستان اور بیرون ملک ہر جگہ مقبول تھے۔