تایا کے جنازے میں شرکت کیلئے شاہد خاقان کی پیرول پر رہائی
اسلام آباد (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) احتساب عدالت نے تایا کے جنازے میں شرکت کیلئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو پیرول پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد نیب نے انہیں رہا کر دیا۔ شاہد خاقان عباسی کی بہن کی جانب سے تایا بریگیڈیئر (ر) محمد تاج عباسی کے انتقال پر پیرول پر رہا کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔ شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ نے مؤقف اختیار کیا کہ شام 5 بجے بجے تایا کا جنازہ ہے، رہائی دی جائے تو جنازے کا وقت تبدیل کر سکتے ہیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ یہ معاملہ عدالت کے دائرہ کار میں نہیں آتا، شاہد خاقان عباسی نیب کی حراست میں ہیں یہ معاملہ نیب کے دائرہ کار میں آتا ہے۔ درخواست گزار سعدیہ عباسی نے کہا میں صبح نیب کے دفتر گئی تھی تو کہا گیا کہ عدالت اجازت دے سکتی ہے۔ عدالت نے پیرول پر رہائی اسلام آباد اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کی فول پروف سیکیورٹی سے مشروط کر دی تھی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ فول پروف سیکیورٹی کی ذمہ داری لے تو ڈی جی نیب جنازے میں شرکت کی اجازت دیدیں۔ بعد ازاں نیب کی ٹیم شاہد خاقان کو اسلام آباد سے مری لے گئی جہاں وہ اپنے تایا کے جنازے میں شریک ہوئے۔