• news

سونے کی قیمت 700 روپے اضافہ‘ فی تولہ87 ہزار 200 کا ہوگیا‘ ڈالر 20 پیسے مہنگا

لاہور (کامرس رپورٹر) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے سے پاکستان میں بھی سونا مہنگا ہو گیا ہے اور ایک تولہ سونے کی قیمت سات سو روپے اضافے سے ستاسی ہزار دو سو روپے ہو گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی فی اونس قیمت میں پندرہ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر حملے کے بعد مارکیٹ میں پیدا ہونے والی بے یقینی کے باعث سونے کی خریداری بڑھنے سے سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ دریں اثناء ۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر چار پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 20 پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر چار پیسے کے اضافے سے 156 روپے 23 پیسے ہو گئی۔ یورو کی قدر 43 پیسے کم ہو کر 172 روپے 87 پیسے اور برطانوی پاونڈ کی قیمت 16 پیسے کم ہو کر 194 روپے 29 پیسے رہ گئی۔ ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 20 پیسے کے اضافے سے 156 روپے 50 پیسے ہو گئی، یورو کی قیمت فروخت 30 پیسے کی کمی سے سے 173 روپے 50 پیسے رہ گئی جبکہ برطانوی پاونڈ ایک روپے 50 پیسے مہنگا ہو کر 195 روپے 50 پیسے کا ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن