ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں انڈین ڈیسک قائم کرنے کا اعلان
لاہور (نیوز رپورٹر) نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں ممتاز محقق اور دانشور ڈاکٹر جنید احمد کی آمد کے موقع پر خصوصی نشست کے دوران ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے انڈین ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی اس سلسلے میں کام کر رہے ہیں تاہم اب ایک باقاعدہ ڈیسک کے تحت بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے لخاف روا رکھے گئے ناروا سلوک پر مبنی واقعات کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ بھارت کا فاشسٹ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔ بھارت میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف بھی دنیا کی توجہ مبذول کرائی جائیگی۔ بھارت کی انتہا پسند ہندو تنظیم آر ایس ایس کے مذموم ایجنڈا سے بھی دنیا کو آگاہ کیا جائیگا۔ ڈاکٹر جنید احمد نے کہا کہ ملک بھر میں 200 سے زائد یونیورسٹیز ہیں لیکن کہیں پر انڈین سٹڈی سنٹر موجود نہیں ہے لہذا ٹرسٹ کی جانب سے اس ڈیسک کاقیام خوش آئند ہے اور میں ہر ممکن تعاون کو تیار ہوں۔