سماہنی سیکٹر پر بھارت کی مارٹر بمباری ، ایک شخص زخمی، 2مکان تباہ
سماہنی (غلام محی الدین) سماہنی سیکٹر کے سرحدی گائوں ڈنہ پر بھارتی فوج کی مارٹر بمباری، مارٹر شیل لگنے سے 6پالتو مویشی شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکوں کی شدت سے ضمیر حسین ولد حاجی محمد لطیف 2گھنٹے بے ہوش رہا۔ شدید زخمی ایک پالتو بھینس ذبح کر دی گئی۔ سویلین آبادی پر بلا اشتعال مارٹر شیلنگ سے 2رہائشی مکانات بھی جزوی طور پر تباہ ہو گئے۔ اتوار کی شام بھارتی فوج کی جانب سے کی گئی مارٹر بمباری پر مسلح افواج کی دندان شکن جوابی کارروائی سے فائرنگ و گولہ باری کا سلسلہ تھم گیا۔ تاہم آبادی گھروں میں محصور ہونے کے باعث جانی نقصان سے محفوط رہی۔ جمعرات کے روز ڈنہ میں شہری آبادی کے رہائشی محمد جمروز ولد محمد شریف کے رہائشی مکان کی چھت پر بھارتی فوج کی جانب سے مارٹر گولہ بلاسٹ ہونے سے چھت پر شگاف پڑ گیا۔ اتوار کی شام گائوں ڈنہ کے رہائشی حاجی محمد لطیف کھوکھر کے صحن میں مارٹر گولہ بلاسٹ ہوا۔ ڈنہ ہی میں محمد ضمیر ولد محمد عزیز کی رہائش گاہ پر مارٹر گولہ بلاسٹ ہونے سے چھت، کھڑکیاں اور دروازے متاثر ہوئے۔ انتظامی آفیسر سماہنی چوہدری رب نواز نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ بھارتی فوج نے جمعرات اور اتوار کے روز سول آبادی پر مارٹر شیلنگ کی جس کے نقصانات کا ڈیٹا جمع کر لیا گیا ہے۔ ادھر لائن آف کنٹرول سماہنی سیکٹر میں رات کی تاریکی میں وقفہ وقفہ سے گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔