جعلی اکائونٹس کیس، ضمانت منسوخی پر عبدالغنی مجید کے 2 ساتھی عدالت بھاگتے ہوئے گرفتار
اسلام آباد ( وقا ئع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پرمشتمل ڈویثرن بنچ نے جعلی بنک اکاونٹس کیس میں سندھ روشن پروگرام میں مبینہ کرپشن کے الزام میں اومنی گروپ کے عبد الغنی مجید کے دو قریبی ساتھیوں ڈی جی رورل ڈویلپمنٹ سندھ عبدالشکور مہر اور ایکسئین عبدالستار قریشی کی ضمانت مسترد کر دی جس پر نیب نے دونوں ملزموں کو کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کر لیا۔ ملزموں نے ہائی کورٹ سے بھاگنے کی کوشش کی لیکن دروازے سے باہر جاتے ہوئے نیب نے دونوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزموں کی نیب کے تفتیشی افسر سے ہاتھا پائی اور بحث و تکرار بھی ہوئی اور ملزم نے تفتیشی افسر سے کہا کہ دل کا مریض ہوں مجھے ایسے نہ پکڑیں تاہم نیب ٹیم نے دونوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ ملزموں پر سندھ روشن پروگرام میں مبینہ کرپشن کا الزام ہے جس میں اومنی گروپ کے خواجہ عبدالغنی مجید بھی ملزم نامزد ہیں۔