• news

احتساب عدالت نے زرداری فریال تالپور سے ہفتے میں دو روز ملاقات کی درخواستیں مسترد کر دیں

اسلام آباد (نامہ نگار) احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سے جیل میں ہفتے میں دو روز اہلِ خانہ اور وکلا سے ملاقات کی درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت میں سردار لطیف کھوسہ کی معاون وکیل نے موقف اپنایا کہ عدالت نے قانونی ٹیم میں سردار لطیف کھوسہ، شائستہ کھوسہ، شہباز کھوسہ جبکہ اہلِ خانہ میں بلاول، بختاور، آصفہ بھٹو زرداری اور رخسانہ بنگش کو ہفتے میں ایک دن ملنے کی اجازت دے رکھی ہے۔ ملاقات کے لئے پیر کا دن آصف زرداری اور ہفتے کا دن فریال تالپور کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ معاون وکیل نے استدعا کی کہ کراچی میں کیسز کے باعث اگر متعلقہ دن ملاقات نہ کر سکیں تو پورا ہفتہ انتظار کرنا پڑتا ہے لہذا، عدالت ہفتے میں 2دن ملاقات کرنے کا حکم دے۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست پر دلائل سن کر فیصلہ محفوظ کرلیا جسے کچھ دیر بعد سناتے ہوئے ہفتے میں 2روز ملاقاتوں کی اجازت دینے کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن