• news

قومی ٹرائنگولر ایک روزہ ویمن کرکٹ چیمپئن شپ کا آج سے آغاز

لاہور( نمائندہ سپورٹس )قومی ٹرائنگولر ایک روزہ خواتین کرکٹ چیمپئن شپ کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔چھ خواتین امپائرز قومی ٹرائنگولر ایک روزہ خواتین کرکٹ چیمپئن شپ کے لیگ میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گی۔ ایونٹ 17 سے 26 ستمبر تک لاہور جمخانہ کلب گراؤنڈ میں جاری رہے گا۔ چیمپئن شپ میں شریک پی سی بی چیلنجرز کی قیادت بسمعہ معروف، پی سی بی بلاسٹرز کی قیادت رامین شمیم اور پی سی بی ڈائنامائٹس کی قیادت ندا ڈار کریں گی۔ایونٹ کا پہلا میچ منگل کے روز پی سی بی چیلنجرز اور پی سی بی بلاسٹرز کی ٹیموں کے درمیان لاہور جمخانہ گراؤنڈ پر کھیلا جائے گا۔ میچ میں خاتون امپائر عافیہ امین، راشد ریاض کے ہمراہ میچ سپروائز کریں گی جبکہ حمیرا فرح، شکیلہ رفیق، نازیہ نذیر، صباحت رشید اور رفعت مصطفیٰ بھی ٹورنامنٹ کے لیگ میچز سپروائز کریں گی۔قومی ٹرائنگولر خواتین ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں 42 کرکٹرز شرکت کریں گی۔ ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرکٹرز کوآئندہ ماہ بنگلہ دیش کے خلاف قومی خواتین کرکٹ ٹیم اور اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے لیے قومی اے خواتین کرکٹ ٹیم میں جگہ دی جائیگی۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو دسمبر میں انگلینڈ اور آئندہ سال آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ ملک بھر میں خواتین کرکٹ کو فروغ دینے کی حکمت عملی پر عمل پیر اہے۔ ٹورنامنٹ میں ساڑھے 8 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 5 لاکھ جبکہ رنرز اپ کو ڈھائی لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ تاریخ میں پہلی بارایونٹ میں شریک ہر کرکٹر کومیچ فیس دی جارہی ہے۔ پلیئنگ الیون میں شامل ویمن کرکٹر کو 10 ہزار روپے جبکہ نان پلیئنگ الیون میں شامل ویمن کرکٹر کو 5 ہزار روپے بطورمیچ فیس دئیے جائیں گے۔ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں کوکابورا کے گیند کا استعمال کیا جائے گا۔ بلاسٹرز میں رامین شمیم (کپتان)، عالیہ ریاض، الماس اکرم، اریب شمیم، عائشہ ظفر، حفصہ خالد، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل،نورین یعقوب، سدرہ امین، طوبہٰ حسن اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔ چیلنجرز میں بسمعہ معروف (کپتان)، عروب شاہ، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء ، حفصہ امجد، حرینہ سجاد، ارم جاوید، جویریہ رؤف، خدیجہ چشتی،ماہم منظور، نتالیہ پرویز، صبا ء نذیر، سعدیہ اقبال اور سدرہ نواز شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن