ٹرمپ مودی کی ہیوسٹن ریلی میں شرکت نہ کریں،رحمان ملک کی اپیل
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چئیرمین سینیٹر رحمان ملک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اپیل کی ہے کہ وہ مودی کے ہیوسٹن ریلی میں شرکت نہ کریں۔جب تک نریندر مودی مقبوضہ کشمیر سے کرفیو نہیں ہٹاتا امریکی صدر مودی کی ریلی میں شریک نہ ہو۔ سینیٹر رحمان ملک نے صدر ٹرمپ سے اپیل کی کہ وہ مودی کے ہوسٹین ریلی میں شرکت کا فیصلہ مودی کے کشمیر سے کرفیو اٹھانے سے مشروط کریں۔رحمان ملک نے کہا مودی نے کشمیر میں کرفیو لگا کر وادی کو ایک جیل میں بدل دیا ہے۔مسلسل کرفیو کیوجہ سے کشمیر میں بچے، بوڑھے و بیمار مر رہے ہیں۔انہوں نے کہا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا قد تب اونچا ہوگا اگر مودی کشمیر میں کرفیو ہٹا کر امریکہ جائے۔گجرات میں مذہبی قتل و غارت کیوجہ سے مودی کا نام امریکہ کی بلیک لسٹ میں تھا اور کئی سالوں تک مودی کے امریکہ جانے پر پابندی تھی۔انہوں نے کہا دہشتگرد مودی اب امریکہ کی آنکھوں کا تارا بن گیا جو امریکی قانون کیخلاف ہے ۔سینیٹر رحمان ملک نے کہا دھشتگردی کیخلاف امریکی جنگ میں پاکستان کی قربانیاں دنیا کے ہر ملک سے زائد ہیں۔امریکہ پاکستان کی قربانیوں کو نظرانداز کرنے کی بجائے قدر کی نگاہ سے دیکھے، سینیٹر رحمان ملک نے کہا کشمیریوں پر مظالم کے باعث بھارتی وزیراعظم کسی ایوارڈ و عزت کا مستحق نہیں۔