• news

مقبوضہ کشمیر: جگہ جگہ بلٹ پروف بھارتی بنکرز تعمیر، 40ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا: رپورٹ

سرینگر(اے این این+ نیٹ نیوز )مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی فوجی دہشت گردی کا 44 واں روز ہ گیا۔ مقبوضہ وادی دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکی ہے۔ سری نگر کے چوراہوں پر بھارتی فوج نے بلٹ پروف بنکرز بنا لیے۔ کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے والے عالمی اداروں کے خلاف بھارت کی سازشیں ناکام ہو گئیں۔کرفیو، لاک ڈاؤن، جگہ جگہ بھارتی فوجی تعینات، قابض بھارتی فورسز نے سری نگر کے جہانگیر چوک، بخشی سٹیڈیم، سبزی منڈی چوک میں بلٹ پروف بنکرز بھی قائم کر لئے۔لاک ڈاؤن کے باعث مقبوضہ وادی میں بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہوگئی ہے جبکہ ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی مسلسل بند ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غاصب بھارتی فوج کی جانب سے اب تک 40 ہزار سے زائد کشمیریوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ تمام تر بندشوں کے باوجود بھارتی فورسز کشمیریوں کا جذبہ آزادی نہ دباسکیں، بھارت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور روزانہ 20 کے قریب مظاہرے ہوتے ہیں، 44 روز میں مقبوضہ وادی میں 722 احتجاجی مظاہرے کیے گئے ہیں۔مسلسل پابندیوں سے مقبوضہ وادی میں انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، بچے بوڑھے اور بیمار کرب کی کیفیت میں ہیں۔ ایمنسٹی انڈیا نے بھی مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی بربریت کا چہرہ بے نقاب کردیا۔ایمنسٹی انڈیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں لاک ڈاؤن کو 44 روزسے زائد ہوچکے ہیں۔ انتظامی نظربندی کے قوانین کے تحت ہزاروں سیاسی رہنماں ، سماجی کارکنوں اورصحافیوں کو خاموش کروانا جاری ہے جو انسانی حقوق کے بین الاقوامی معیار کے منافی ہیں۔ مقبوضہ جموں کشمیر کی تاریخ میں پیلک سیفٹی ایکٹ کو کئی بار غیر قانونی طریقے سے استعمال کیا جا چکا ہے۔ ایمنسٹی چیف کا کہنا ہے کشمیر سے متعلق اظہار تشویش پر خاموش کرانے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوں گی، سیکریٹری جنرل ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ مودی حکومت نے ایمنسٹی کو کچلنے کی بدترین کوشش کی۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وادی سے مواصلاتی اور دیگر پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن