• news

دو ججز عدالت کے عزت و وقار کی خاطر جسٹس قاضی فائز کیس سے الگ ہوئے: سپریم کورٹ

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسی کی درخواست کی سماعت کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو ارسال کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ججز نے عدالت کے عزت و وقار کی خاطر جسٹس فائز کیس سے خود کو الگ کیا۔سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسی کی درخواست پر گزشتہ روز کی کارروائی کا حکم نامہ جاری کر دیا۔سپریم کورٹ نے معاملہ پر فل کورٹ کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار جسٹس قاضی فائز کے مطابق بینچ کے دو ججز کا مقدمہ میں ممکنہ مفاد ہے، اس لیے دونوں ججز کو مقدمہ سننے سے الگ ہونا چاہیے۔سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ اس مقدمے میں کسی جج کا ایسا کوئی ممکنہ مفاد نہیں، درخواست گزار کے وکیل کی دلیل کی بنیاد امکانی ہے، مقدمہ میں کسی قسم کا ٹھوس اور ذاتی مفاد ہی کسی جج کے الگ ہونے کا جواز ہوسکتا ہے، لیکن کسی جج کا ذاتی مفاد چار سال بعد پیدا ہونا ہے، مستقبل کے ممکنہ امکان پر کسی جج کے مقدمے سے الگ ہونے کی پہلے کوئی مثال نہیں، لہذا درخواست گزار کے دلائل میں بظاہر کوئی وزن نہیں۔حکم نامہ میں کہا گیا کہ گزشتہ روز عدالتی وقفہ کے دوران بینچ کے ججز نے آپس میں گفتگو کی، سپریم کورٹ کے وقار و عزت کے تحفظ اور معاملہ پر کسی جگہ بحث مباحثہ سے بچنے کے لیے دو ساتھی ججز نے خود کو مقدمہ سے الگ کرلیا، دونوں معزز جج کے انکار کے بعد بینچ تحلیل ہو گیا۔سپریم کورٹ نے کہا کہ مقدمہ سے وابستہ افراد کے اعتماد اور شفافیت کے لیے معاملہ پر فل کورٹ تشکیل دی جائے اور مناسب حکم کے لیے فائل چیف جسٹس کے روبرو پیش کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن