خر قمر حملہ کیس میں محسن داوڑ اور علی وزیر کی ضمانت منظور‘ رہائی کا حکم
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور ہائی کورٹ بینچ نے شمالی وزیرستان کے علاقے خرقمر حملے کیس میں ارکان قومی اسمبلی علی وزیر اور محسن داوڑ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔ قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے دونوں سیاسی رہنماؤں کی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت جسٹس ناصر محمد نے کی اور عدالت نے ارکان قومی اسمبلی کو مہینے میں ایک مرتبہ پولیس اسٹیشن میں حاضری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں عدالت نے دونوں رکن قومی اسمبلی کو فی کس 10 لاکھ روپے کے مچلکے بھی جمع کرانے کا حکم دیا۔ بتایا گیا کہ قانونی کارروائی پوری ہونے کے بعد دونوں سیاسی رہنماؤں کو رہا کر دیا جائے گا۔ دونوں رہنماؤں کے وکیل عبداللطیف آفریدی نے بتایا کہ بینچ نے مشروط ضمانت دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی کے قانون 21 ڈی جج کو اختیار دیتا ہے کہ وہ بعض شرائط عائد کر کے ضمانت دے سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جج کی جانب سے فیصلہ زبانی دیا گیا تاہم تحریری فیصلے کے موصول ہونے کا انتظار ہے۔