• news

حکومت میڈیا کی آواز اور آزادی کو مزید طاقتور بنانے کیلئے پر عزم ہے : فردوس عاشق

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی، آئینی اور جمہوری حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے۔ اس کی آزادی اور آواز کو مزید طاقتور بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ میڈیا ٹریبونلز نہ صرف نئے کیسوں پر فیصلہ کریں گے بلکہ پیمرا اور دیگر عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات بھی انہی ٹریبونلز کو منتقل کردیے جائیں گے۔ یہ ٹریبونلز نئے اور زیرالتوا مقدمات کا 90 دن میں فیصلہ کریں گے۔ بدھ کو اپنے ٹویٹ میں فردوس عاشق نے کہا کہ پیمرا کے احتسابی عمل کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا کہ اسے حکومت کنٹرول کرتی ہے۔ اب خصوصی میڈیا ٹریبونلز بنانے جا رہے ہیں تاکہ مقدمات کا جلد فیصلہ ممکن ہو سکے۔ یہ ٹربیونلز اعلیٰ عدلیہ کے زیر سرپرستی کام کریں گے۔ خصوصی ٹریبونلزمیڈیا ورکروں کے مسائل کے حل اور ان کو فوری انصاف کی فراہمی میں بھی سنگ میل ثابت ہوں گے۔ یہ سارا عمل دنیا میں رائج قوانین اور اعلی جمہوری اقدار کا حقیقی عکاس ہوگا۔ میڈیا کا ذمہ دارانہ کردار ہی اس کی اصل قوت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن