• news

چونیاں میں بچوں کا قتل افسوسناک ، انصاف دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ چونیاں میں معصوم بچوں کے قتل کے اندوہناک واقعہ پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے اور غمزدہ خاندانوں کو انصاف دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت یہ ذمہ داری ہر صورت نبھائے گی اور متاثرہ خاندانوں کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے گا۔ ملزموں کی جلد سے جلد گرفتاری کیلئے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور اس کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اورا نصاف کے تمام تقاضے پورے کریں گے۔ انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔ متاثرہ خاندانوں کو فوری طورپر انصاف دلانا میرا فرض اور ذمہ داری ہے ۔ جن درندہ صفت ملزموں نے یہ ظلم کیا ہے وہ قانون کے مطابق قرار واقعی سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔ ایسا گھناؤنا جرم کرنے والے انسان نہیں درندے اور دھرتی کا بوجھ ہیں۔ معصوم بچوںکے قتل پر ہر آنکھ اشکبار ہے۔ حکومت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے اور کھڑی رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے بچوںکے قتل کے دلخراش واقعہ پر غمزدہ خاندانوں سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ دریں اثناء عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کی ہنگامی سرویلنس کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیمیں ڈینگی لاروا کی تلاش کیلئے بھرپور کاوشیں کریں اور ڈینگی کے خاتمے کیلئے تمام تر میسر وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔انہوں نے کہاکہ دن رات کوشش کر کے پنجاب سے ڈینگی کا خاتمہ کریںگے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی کہ سرکاری ونجی عمارتوں کی بھرپور سرویلنس کر کے ڈینگی لاروا کا خاتمہ کیا جائے۔ عوام صحت کی حفاظت کا فریضہ نبھائیں گے‘ کوئی کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔

ای پیپر-دی نیشن