میڈیا ورکرز کی مرضی کے بغیر ان پر کوئی قانون مسلط نہیں ہوگا: فردوس عاشق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، تحریک انصاف سمیت کسی سیاسی جماعت میں انٹرا پارٹی الیکشن نہیں ہوتے، پارٹیوں کے اندر بھی جمہوریت ہونی چاہیے ، جب تک ورکرز کو عزت نہیں ملے گی تو جمہوریت مضبوط نہیں ہوگی۔ پاکستان آج تک حالت جنگ سے نہیں نکل سکا۔ وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت میڈیا کو ذمہ دار کردار ادا کرتے دیکھنا چاہتی ہے تاہم اس سلسلے میں کوئی قانون زبردست مسلط نہیں کیا جائے گا ، پاکستان کو بہتر حالات پر گامزن کرنے اور ملک میں آنے والی مثبت تبدیلوں کو اجاگر کرنے اور دنیا میں بہتر تصور پیش کرنے کے لیے میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے)کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نظام کو بدلنا ہوگا، قوانین میں تبدیلی ہونی چاہیے تاکہ عام ورکر کو حق ہو کہ وہ اپنی لیڈرشپ کو منتخب کرے، انٹرا پارٹی الیکشن بھی الیکشن کمیشن کی نگرانی میں ہونے چاہیئں۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ پی آر اے پریس کلبز سے بڑی آرگنائزیشن اور سب سے طاقت ور فورم ہے، پی آر اے کا اثرو رسوخ پارلیمنٹ پر بھی ہے جسے مزید وسعت دینگے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی میڈیا ٹربیونلز بنائے گئے اس میں پی آر اے کی نمائندگی ہوگی اور قائمہ کمیٹی میں بھی پی آر اے کی نمائندگی ہوگی۔ سب سے بنیادی چیز میڈیا ورکرز کو تحفظ فراہم کرنا ہے اور صحافی دوست قانون بنے گا، کوئی ایسا قانون نہیں بنے گا جو میڈیا کی آزادی کے خلاف ہو، میڈیا کی ترجیحات کو اول رکھا جائے گا، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے انکے ساتھ ہوں۔ تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت آپ کے سامنے جوابدہ ہے لیکن قومی مفاد کے حوالے سے چلائی جانے والی خبروں میں ذمہ داری چاہتے ہیں، اگر ملک کے اہم معاملوں کے حوالوں سے خبر ہوں تو متعلقہ حکام کی رائے بھی لی جائے۔ انہوں نے کہا پریس کونسل میں میڈیا کارکنان کی شکایات کا ازالہ نہیں کیا جاتا جبکہ وزارت اطلاعات کے بجائے پاکستان الیکٹرونک میڈیا اتھارٹی جو ریگولیٹر ہے اس کا کام ہے کہ کسی چیننل کو لائسنس دینے سے قبل کارکنان کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت لے۔ میڈیا ورکرز کے معاملے پر اخبار یا چیننلز کے مالکان کو جوابدہ کیا جائے گا، حکومت سولو فلائٹ نہیں کرے گی میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے جسے اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہے۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے پارلیمانی رپورٹرز کے لیے مختص احاطے میں سہولیات فراہم کرنے کا بھی وعدہ کیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے تمام پریس کلب سے صحافیوں کی فہرست طلب کی ہیں جس کے تحت ان کے علاج و رہائش کے سلسلے میں میکانزم تشکیل دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے پر میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے۔ سعودی عرب اسلام کا سب سے بڑا مرکز ہے۔ سعودی ولی عہد پاکستانیوں کا سفیر بننے کا اعلان کیا تھا۔ مسئلہ کشمیر سعودی شہزادے کی نظروں سے اوجھل نہیں ہو سکتا۔ وزیراعظم نے کشمیریوں کا سفیر بننے کا اعلان کیا ہے۔ او آئی سی کا پلیٹ فارم کیسے استعمال کرنا ہے یہ ایجنڈے کا حصہ ہے۔ وزیراعظم امریکہ جانے سے پہلے روضہ رسول پر حاضری دینا چاہتے ہیں۔ ایران ہمارا ہمسایہ ملک ہے۔ دوست بدلتے ہیں ہمسایہ نہیں۔