اکائونٹس کیس: میئر کراچی کے دست راست لیاقت قائمخانی کی رہائش گاہ پر چھاپہ، ہیرے جواہرات، 8لگثری گاڑیاں برآمد
کراچی، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے زیرحراست سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پارکس لیاقت علی قائم خانی کے اسلام آباد میں عالیشان محل نما گھر سے کروڑوں کا خزانہ نکل آیا۔ نیب ذرائع کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں میئر کراچی کے دست راست مشیر لیاقت قائم خانی کے گھر پر قومی احتساب بیورو (نیب) نے چھاپہ مارا تو گھر سے 8 قیمتی چمچماتی امپورٹڈ لگژری گاڑیاں نکل آئیں۔ نیب نے گھر کے اندر سے سونے کے کنگن، ہار، ہیرے جواہرات، جائیدادوں کی فائلیں، جدید اسلحہ اور دو لاکرز بھی برآمد کئے۔ ڈی جی پارکس کا گھر خود بھی کسی پارک سے کم نہیں، بڑے لانز کے ساتھ سوئمنگ پول بھی موجود ہے۔ بدھ کے روز گرفتار کیے گئے لیاقت قائم خانی کا تین دن کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا گیا ہے۔ سابق ڈی جی پارکس کی عدالت میں پیشی پر صحافی نے سوال کیا کہ 15 لاکھ سالانہ کمانے والے کے پاس اتنی مہنگی گاڑیاں اور گھر کہاں سے آگیا؟ جس پر سابق ڈی جی پارکس نے جواب دیا کہ ان کا تعلق زمیندار گھرانے سے ہے، یہ ان کا خاندانی گھر ہے۔ نیب ذرائع نے دعویٰ کیا کہ لیاقت علی قائم خانی کو کراچی میں باغ ابن قاسم کیس میں گرفتار کیا گیا کیونکہ ان پر بطور ڈی جی پارکس، جعلی ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔