• news

جاپان سے دوستی پر فخر ہے: پرویزالٰہی، سفیر کی ملاقات

لاہور(خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے جاپانی سفیر Kuninori Matsuda نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر قونصلر Takekida Masao، سیکنڈ سیکرٹری Aknobu Kuwamura اور اعزازی قونصلر جنرل لاہور عامر شیرازی، قائم مقام سیکرٹری اسمبلی و ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمیں جاپان سے دوستی پر فخر ہے، پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ کی اتحادی حکومت ہے اور ہم مل کر ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔ سپیکر نے معزز مہمانوں کو اسمبلی کی ساخت، پارلیمانی روایات اور اسمبلی کے رولز آف پروسیجر سے بھی آگاہ کیا۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ جاپان ہمیشہ پاکستان کی بہتری کیلئے کوشاں رہا ہے ۔ جاپانی سفیر نے چودھری پرویزالٰہی کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے عوامی فلاح و بہبود کے جو مثالی کام کئے ان سے آج بھی لوگوں کو بہت فائدہ پہنچ رہا ہے۔ ہم جاپان کے لیے پاکستانی عوام کی محبت اور خلوص کے جذبات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ملاقات میں آٹو انڈسٹری اور اس سے منسلک سپیئر پارٹس بنانے والی کمپنیوں کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی جبکہ جاپان اور پاکستان میں دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کے علاوہ دونوں ملکوں کے عوام میں باہمی رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

ای پیپر-دی نیشن