سری لنکا کی آمد، انٹرنیشنل کرکٹ بحالی میں معاون ہوگی:وسیم خان
لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والی سیریز پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی میں معاون ثابت ہوگی۔شائقین کو اچھی سیریز دیکھنے کو ملے گی۔ دنیا کو اس سیریز سے یہ پیغام ملے گا کہ پاکستان کرکٹ کے لئے محفوظ ملک ہے۔ پی سی بی سیریز کے کامیاب انعقاد کے لئے پرعزم ہے سری لنکا کرکٹ کا پاکستان ٹیم بھیجنے کے حوالے سے اعلان خوش آئند ہے۔پی سی بی سری لنکا کو خوش آمدید کہتا ہے۔سیریز کے لئے مثالی انتظامات کئے جائیں گے۔مختلف اداروں سے مل کر سیریز کو کامیاب بنایا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا ہے کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم کی آمد سے قبل اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں۔ابھی سری لنکا کی جانب سے ہمیں باضابطہ طور پر آگاہ کرنا ہے، اچھی خبر دور نہیں ہے۔ سری لنکا کے خلاف آن لائن ٹکٹوں کی فروخت رات بارہ بجے سے شروع ہوگئی، ہفتے سے ٹکٹ باضابطہ فروخت ہوں گے۔جمعرات کو قذافی سٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے پچز کی تیاری کا جائزہ لیا۔ فیلڈنگ کوچ سے ٹیم کی فیلڈنگ کے امور پر بات کی۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے منیجر منصور رانا بھی وسیم خان کے ہمراہ تھے، وسیم خان نے محمد حسنین سے فٹنس سے متعلق دریافت کیا، بولنگ کوچ وقار یونس نے وسیم خان کو بولرز کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔وسیم خان نے کہا کہ سری لنکن ٹیم کی میزبانی کے لیے پرعزم ہیں، سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔حکومت پاکستان نے معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے سری لنکن بورڈ کو فول پروف سکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد اس دورے کی راہ ہموار ہوئی۔