• news

قومی کرکٹرز کی اکثریت میرے ہاتھ سے بنے کھانے کی فرمائش کرتی ہے : کاظم حسین

لاہور(نمائندہ سپورٹس)لاہور کی قومی کرکٹ اکیڈمی میں گذشتہ 13 سال سے بطور ایگزیکٹو شیف ذمہ داریاں نبھانے والے کاظم حسین کا کہنا ہے کہ دراز قد محمد عرفان خوش خوراک ہیں تاہم امام الحق اپنی ڈائیٹ کا خاص خیال رکھتے ہیں۔ ٹیسٹ اوپنر امام الحق دوپہر کے کھانے میں پھل اور دہی پر ہی اکتفا کرتے ہیں۔ لاہور کے باسی تو کھانے کے شوقین ہیں مگر کاظم حسین کھانا بنانے کے بھی ماہرہیں۔ کاظم حسین کو یہ شوق اپنی والدہ کو کھانا پکاتے دیکھ کر پیدا ہوا۔ہوم سیریز کے دوران نجی ہوٹل میں رہائش اختیار کرنے والے قومی کرکٹرز کی اکثریت کاظم حسین کے ہاتھ سے بنے پکوان کی فرمائش کرتی ہے۔ شعیب ملک کو کھانے میں پاستا بہت پسند ہے۔ ان کی فرمائش پر انہیں گرین چلی سے بنا پاستا پیش کیا جاتاہے۔ شعیب ملک این سی اے میں تیار پکوان کے معترف ہیں۔ این سی اے میں موجود غیرملکی کوچز کے لیے ان کی فرمائش پر بھی مخصوص کھانے تیار کیے جاتے ہیں۔ عام طور پر وہ لزانیہ اور پاستا کھانے کے شوقین ہوتے ہیں۔کاظم حسین نے واضح کیا کہ خوراک کی تیاری میں کھلاڑیوں کے لیے پروٹین، کاربوہائیڈریٹس سمیت دیگر ضروری اجزاء کی خاص مقدار کو پیش نظر رکھا جاتا ہے۔ کاظم حسین نے 2006ء میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ایگزیکٹو شیف کی حیثیت سے انٹرویو دیا۔انہوں نے کہا کہ انتخاب عالم، وسیم باری، سرفراز نواز اور راشد لطیف سمیت کئی نامور کرکٹرز کو کھانا کھلا چکا ہوں مگر ان کی خواہش وزیراعظم عمران خان کواپنے ہاتھ سے تیارپکوان پیش کرنے کی ہے۔ پیٹرن ان چیف پی سی بی کو کھانے کھلانے کی خواہش ہمیشہ رہے گی۔

ای پیپر-دی نیشن