یمن: الحدیدہ میں اتحادی فورسز کی کارروائی، بارودی کشتی، 4 ٹھکانے تباہ
ریاض( آن لائن )اتحادی افواج نے شمالی الحدیدہ میں حوثیوں کے چار اہم مراکز تباہ کر دیئے۔ اس کارروائی میں حوثیوں کی ایک بمبار کشتی، سمندر میں بچھائی ایک بارودی سرنگ اور متعدد دیگر مراکز کونشانہ بنایا گیا۔ ایک عربی اخبار کی جانب سے یمن میں آئینی حکومت کے قیام کے لیے تشکیل کردہ عرب اتحاد کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ اتحادی طیاروں نے شورش زدہ یمن کے ساحلی علاقے الحدیدہ پر دھاوا بول کر وہاں پر موجود حوثی ملیشیا کے چار عسکری مراکز پر بمباری کر کے انہیں تباہ کر دیا۔ جبکہ عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ خود کو حوثی باغیوں کے مراکز سے دور رکھیں تاکہ کسی بھی فوجی کارروائی کی صورت میں شہریوں کا جانی نقصان نہ ہو۔اس کارروائی کے نتیجے میں بحیرہ احمر میں جہاز رانی اور عالمی تجارتی قافلوں کی آمد ورفت میں حائل خطرات خاصی حد تک دور ہو گئے ہیں۔ اتحادی افواج نے جنوبی بحر احمر میں حوثیوں کی بارود سے بھری کشتی تباہ کر دی۔عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا ہے کہ بارود سے بھری گئی یہ کشتی ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی جانب سے الحدید کے علاقے سے جنوبی بحر احمر میں بھیجی گئی تھی جو کہ ریموٹ کنٹرول طریقے سے کام کر رہی تھی۔ اس کا ہدف کسی سعودی یا اس کے اتحادی ملک کے بحری جہاز کو نشانہ بنانا تھا، تاہم اسے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی روک کر تباہ کر دیا گیا۔