بزرگ خاتون سے بدتمیزی کرنیوالا پولیس اہلکار نوکری سے فارغ
لاہور(نمائندہ خصوصی)سنٹرل پولیس آفس لاہور کے انٹری گیٹ پر بزرگ خاتون شہری سے بد تمیزی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکار محمد آصف کومحکمانہ انکوائری کے بعد نوکری سے برخاست کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی پی او کمپلیکس کے گیٹ پر گارڈ ڈیوٹی کرنے والے اہلکار محمد آصف نے مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والی رائیونڈ لاہور کی رہائشی بزرگ سائلہ کے ساتھ بد اخلاقی کا مظاہرہ کیا تھا، واقعہ کی انکوائری کے بعد ڈی ایس پی سید ریاض علی شاہ نے رپورٹ میں اہلکار محمد آصف کوسخت سزاکی سفارش کی۔ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں محمد آصف کو نوکری سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔ محمد آصف غیر ذمے دارانہ رویے کے متعلق کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔