کراچی:فضائی آلودگی کے خلاف مہم ،مرتضیٰ وہاب نے سب سے پہلے اپنی گاڑی چیک کرائی
کراچی(صباح نیوز) وزیر اعلی سندھ کے مشیر ماحولیات و قانون اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب محکمہ ماحولیات اور ٹریفک پولیس کے باہمی تعاون سے فضائی آلودگی کے خلاف مہم کا افتتاح کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی مشیر نے میٹرو پول ہوٹل کے قریب قائم کئے گئے چیک پوائنٹ پر اس مہم کا افتتاح کرتے ہوئے سب سے پہلے اپنی گاڑی کوچیک کرایا اور اپنی گاڑی پر سبزسٹیکر آویزاں کیا۔اس موقع پر محکمہ ماحولیات کے افسران اور ٹریفک پولیس کے افسران بھی موجود تھے۔ محکمہ ماحولیات کی چیکنگ ٹیم نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو چیک کیا اور مالکان پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے چالان کئے اور گاڑیوں ہر سرخ سٹیکر چسپاں کئے۔صوبائی مشیر نے کہا کہ فضائی آلودگی کے خلاف یہ آگاہی مہم ہے اور اس طرح کی سرگرمیاں بہت ضروری ہیں اس مہم کا آغاز کراچی ضلع جنوبی سے کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آلودگی کے خلاف مہم میں عوام اور میڈیا کے تعاون کی ضرورت ہے محکمہ ماحولیات صوبہ بھر میں شجر کاری مہم بھی چلا رہا ہے مزید براں محکمہ ماحولیات نے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی ہے اس کا اطلاق یکم اکتوبر سے ہوگا۔صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ ماضی میں جو ہوا سو ہوا اب ہم نے اپنے مستقبل کو سنوارنا ہے اور ماحول کو خوبصورت بنانا ہے۔