سکھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے معذور افراد میدان میں نکل آئے
سکھر (آن لائن) پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ سکھر کے زیر اہتمام کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مہران کلچرل آڈیٹوریم ہال میں ایک روزہ مسئلہ کشمیر اور معذور افراد کے کردار کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا ، تقریب کے مہمان خاص بلدیہ اعلیٰ سکھر کے ڈپٹی مئیر طارق حسین چوہان تھے جبکہ دیگر مہمان گرامی میںسماجی رہنما ملک رضوان الحق، ڈائریکٹرسوشل ویلفیئر عبدالقدوس میمن، ڈپٹی ڈائریکٹرنصیر حسین شاہ ، پی ٹی آئی لیڈیز ونگ کی رہنما میڈم صفیہ بلوچ ، پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ سندھ کے رہنما مظفر علی قریشی، ریاض میمن، پروفیسر ابو حنزلہ، عبداللہ شاہ ، عبدالوہاب ، عمران شیخ ، سید شہادت علی شاہ ، رکن ایس ایم سی مرتضیٰ گھانگھرو سمیت، پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ سکھر کے صدر حافظ سہیل احمد و سندھ کے مختلف شہروں سے معذور افراد و معززین شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے مذکورہ مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیر ی مسلمان ہمارے بھائی ہیں۔ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گرد ی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے لیکن افسوس اقوام متحدہ سمیت مسلم ممالک مسئلہ کشمیر کی آواز بلند کرنے کے بجائے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں، ہم کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔