• news

ایران جانیوالے پاکستانی زائرین کو خصوصی سہولیات کیلئے حکمت عملی مرتب، سرحد پر 20کائونٹر بنیں گے

چاغی (آن لائن) پاکستان اور ایرانی حکام نے ایران میں مذہبی مقامات کی زیارت کے لئے جانے والے افراد کو خصوصی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کرلی۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ تفتان میں ایف سی آفیسرز میس میں اجلاس منعقد کیا گیا جہاں دالبندین کے اسسٹنٹ کمشنر حبیب ناصر نے چاغی کے ڈپٹی کمشنر کی غیر موجودگی میں ان کی نمائندگی کی اور پاکستانی وفد کی قیادت کی جبکہ ایرانی وفد میں ایرانی شہر میرجاوے کے سینیئر سرحدی حکام کرنل حیدر مریدی نے شرکت کی۔ اجلاس میں دونوں اطراف کے سکیورٹی فورسز کے افسران، کسٹمز اور امیگریشن کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان سے ایران جانے والے زائرین سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ محرم اور صفر کے مہینوں میں تفتان اور میرجاوے سرحد پر 20 خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں جہاں زائرین کو علیحدہ راستہ فراہم کیا جائے گا۔ پاکستانی حکام نے مطالبہ کیا کہ جن زائرین کے سفر کے دوران مطلوبہ دستاویزات گم ہوجاتے ہیں انہیں ایمرجنسی سفری دستاویزات فراہم کیے جائے۔ ایرانی حکام نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے بہتر بسیں اور ایندھن کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ماہ بھی اس حوالے سے اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں دونوں ممالک کے کسٹمز حکام موجود ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن