• news

سابقہ ادوار میں کرپشن، کمیشن کی انتہا، اب ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا: اعجاز شاہ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ان گنت مسائل ورثہ میں ملے۔ وزیر اعظم عمران خان ان مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں بہت جلد ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا۔ ننکانہ صاحب سے آمدہ اطلاعات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ننکانہ صاحب میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق امیدوار چیئرمین یونین کونسل نبی پور پیر فیصل اعجاز شاہ کے سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پیر فیصل اعجاز شاہ نے غیر مشروط طور پر وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی حمائیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ، سابقہ حکومتوں کے ادوار میں کرپشن اور کمیشن کی انتہا کر دی گئی۔ پورے ملک کی طرح ننکانہ صاحب میں بھی عوام کو تبدیلی نظر آئے گی اور عمران خان کی قیادت میں بہت جلد ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو گا۔ پیر فیصل اعجاز نے کہا کہ ضلع بھر میں کروڑوں روپے کی لاگت سے متعدد منصوبوں پر کام ہو رہا ہے اور وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کی کوششوں سے حلقہ کے 40 سے زائد دیہات میں سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن