حوثیوں کی جنگ بندی پیشکش خوش آئند گے: اقوام متحدہ
نیویارک + صنعا (آئی این پی +آن لائن ) اقوام متحدہ نے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جانب سے ایک امن پلان کے تحت سعودی عرب پر تمام حملوں کے خاتمے کی تجویز کا خیر مقدم اور خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سعودی عرب اور یمن کے درمیان امن کا ایک قدم ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اس تجویز سے جنگ کے خاتمے کی خواہش کا طاقتور پیغام بھیجا جاسکتا ہے۔یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفیتھس نے حملوں کے روکے جانے اور سیاسی حل کے مطالبے کا خیرمقدم کیا۔ان کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ خصوصی مندوب نے اس موقع سے فائدہ اٹھانے اور تشدد کو کم کرنے کے لیے عسکری اضافے اور غیر مددگار بیانیے سمیت تمام ضروری اقدامات کے ساتھ آگے بڑھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔یہ پیشکش حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کی تیل تنصیبات کو ڈرون اور میزائل حملوں سے نشانہ بنانے کے ایک ہفتے بعد کی گئی ہے۔اب حوثی باغیوں کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے رہنما مہدی المشحط کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا ہے۔مہدی المشحط نے اپنے ایک ٹی وی بیان میں کہا کہ اگر دوسری جانب سے حملے بند ہو جائیں تو ہم سعودی عرب پر حملے بند کر دیں گے۔