قومی کرکٹرز آج کراچی روانہ ہونگے، ٹیم لیبارٹری نہیں ہر تجربہ کرگزریں : مصباح الحق
لاہور(نمائندہ سپورٹس ) سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے منتخب کھلاڑی قذافی سٹیڈیم میں لگے ٹریننگ کیمپ میں اِن ایکشن ہوں گے جبکہ کل میزبان شہر کراچی پہنچیں گے۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں لگے تربیتی کیمپ میں قومی کرکٹرز کی ٹریننگ جاری ہے،، چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ مصباح الحق کی نگرانی میں سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے اعلان کردہ سولہ رکنی ٹیم نے گزشتہ روز بھی خوب پسینہ بہایا۔ٹریننگ کیمپ میں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ سمیت فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دی گئی، قومی کھلاڑی تین ون ڈیز کی سیریز کے لیے آج کراچی روانہ ہوں گے۔ سری لنکن کرکٹ ٹیم 25 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی اور 27 ستمبر سے 2 اکتوبر تک کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز جبکہ 5 اکتوبر سے 9 اکتوبر تک لاہور میں ٹی 20 سیریز کھیلے گی۔مصباح الحق کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم لیبارٹری نہیں کہ جہاں ہر تجربہ کرگزریں۔مصباح الحق نے کہا مستقبل کے پیش نظر کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہیے لیکن یہ نہیں ہوگا کہ پرفارمنس نہ بھی ہوتو بلاتے اور قومی ٹیم میں شامل کرتے جائیں۔انھوں نے کہا کہ کیمپ میں نوجوان کرکٹرز شریک ہوئے اورمزید کو بھی بلائیں گے، اگر کسی کو ٹیم میں شامل کرلیں اور وہ کارکردگی نہ دکھا سکے تو آپ ہی کہیں گے کہ موقع دینے میں جلد بازی کی گئی۔ہماری کوشش ہے کہ ایسے کھلاڑیوں کا انتخاب کریں جو سری لنکا کیخلاف ہی نہیں آسٹریلیا میں بھی پرفارم کرسکیں، اگر کسی میں ٹیلنٹ ہے تو نظر انداز نہیں ہوگا۔