• news

غیرضروری گرفتاریوں‘ جھوٹی گواہی پر بھی پالیسی بنائی جائے: چیف جسٹس

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے پورے ملک کے لئے متفقہ پولیس پالیسی بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ غیر ضروری گرفتاریوں‘ جھوٹی گواہی اور غلط ثبوت پر بھی پالیسی بنائی جائے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں پولیس اصلاحات کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس نے ایف آئی آر کے درست اندراج پر زور دیا اور کہا کہ نیشنل پولیس بیورو ایف آئی آر کے درست اندراج کے لئے پالیسی وضع کرے۔ ایسی پالیسی وضع کریں تاکہ محکمہ پولیس اور ایف آئی آر کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔ پولیس اصلاحات کمیٹی چاروں صوبوں کے آئی جیز کے ساتھ مل کر سفارشات تیار کرے گی۔ چیف جسٹس نے ناقص پولیس تفتیش کے باعی ملزموں کے بری ہونے پر تشویش کا اظہار کیا تاہم پولیس کے شکایات سیل اور ڈی اے سی پر اعتماد کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن