• news

فیاض چوہان کے بیٹے کے نمبر غیرقانونی طور پر بڑھائے گئے: انکوائری رپورٹ

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کے وزیر فیاض چوہان کے بیٹے کے نمبر بڑھانے کے معاملے پر انکوائری رپورٹ سامنے آگئی۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق فیاض چوہان کے بیٹے کے نمبر غیر قانونی طور پر بڑھائے گئے۔ صوبائی وزیر کے بیٹے کے فزکس پریکٹیکل کے نمبر 14 سے 30 کیے گئے۔ انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیڈ ایگزمینر ایسوسی ایٹ پروفیسر سلیم نے اختیارات سے تجاوز کیا اور نمبر بڑھائے، پریکٹیکل لینے والے سب ایگزامینر نے نمبروں کی تبدیلی سے اتفاق نہیں کیا جب کہ پروفیسر سلیم رمضان کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جائے۔ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ ایگزامینر کے خلاف ضابطے کی کارروائی کے لیے سیکرٹری ہائرایجوکیشن کو رپورٹ بھیج دی گئی ہے۔ چیئرمین پنڈی بورڈ ڈاکٹر غلام دستگیر نے کہا کہ فیاض چوہان کے بیٹے کا رزلٹ تاحال جاری نہیں کیا گیا، قانونی رائے کے بعد فہد حسن کا نتیجہ جاری کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ فیاض الحسن کے بیٹے نے نجی کالج سے بارہویں جماعت کے پرچے دیئے جس میں فہد حسن نے 769 نمبر حاصل کیے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن