• news

پلاسٹک انڈسٹری شاپنگ بیگز کے متبادل سے متعلق تجاویز دے: اسلم اقبال

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے سول سیکرٹریٹ میں پلاسٹک انڈسٹری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹریز اور محکمہ صنعت وتجارت کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات میں شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی کے بارے میں قانون سازی پر بات چیت ہوئی۔ پلاسٹک انڈسٹری کے نمائندہ وفد نے صوبائی وزیر کو پلاسٹک انڈسٹری کو درپیش مسائل اور شاپنگ بیگز پر پابندی کے حوالے سے قانون سازی کے بارے میں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک انڈسٹری سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ انڈسٹری کے مسائل حل کریں گے۔ شاپنگ بیگز پر پابندی کے لئے قانون سازی کے حوالے سے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی۔صوبائی وزیرنے کہا کہ پلاسٹک انڈسٹری شاپنگ بیگز کے متبادل کے حوالے سے اپنی تجاویز دیں۔ سٹیک ہولڈرز شارٹ ٹرم، میڈیم ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کے حوالے سے بھی اپنی سفارشات پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک مینوفیکچررز کی مشاورت سے ہی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن