سری لنکن صدر کی ایسٹر بم دھماکوں کی ازسرنو انکوائری کا حکم
کولمبو(این این آئی)سری لنکا کے صدر مائی تریپالا سری سینا نے کیتھولک گرجا گھر کے حکام کی جانب سے تحقیقات پر خدشات کا اظہار کیے جانے پر ایسٹر بم دھماکوں کی نئے سرے سے تحقیقات کا حکم دے دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ کیتھولک گرجا گھر کے حکام نے گزشتہ تحقیقات پر خدشات کا اظہار کیا تھا جس کے بعد صدر متھری پالا سری سینا نے ججوں پر مشتمل 5 رکنی پینل قائم کیا ہے جسے3 ماہ کے اندر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے کہ رواں سال ایسٹر کے موقع پر 21 اپریل کو سری لنکا میں 3 گرجا گھروں ،3 ہوٹلوں پر دھماکوں میں 258 افراد ہلاک ہو ئے تھے۔سری لنکن حکومت نے دھماکوں کی ذمہ داری مقامی جہادی گروپ ڈالی تھی، جبکہ پارلیمنٹری پبلک انکوائری میں سیکیورٹی اورانٹیلی جنس حکام نے صدر سر ی سینا پر نیشنل سیکیورٹی کے معاملات پر توجہ نہ دینے اور حملوں کی انٹیلی جنس اطلاعات ہونے کے باوجود کوئی اقدامات نہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔