ہلمند: افغان ، امریکی فورسز کا حملہ، طالبان کی بجائے شادی پر آئے 40مہمان ہلاک
کابل (انٹر نیشنل ڈیسک،نوائے وقت رپورٹ) افغان اور امریکی فوج کے مشترکہ حملے میں 40 افراد ہلاک، 18 زخمی ہو گئے ہیں۔ فوج نے جنوبی ہلمند میں موسیٰ قلعہ نامی ضلع میں طالبان کے ایک مبینہ ٹھکانے پر حملہ کیا تو دوطرفہ فائرنگ شروع ہو گئی۔دھماکے ہوئے اس فائرنگ نے پڑوس میں جاری شادی کی تقریب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ افغان فوج نے حملے اور ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ افغان وزارت دفاع کے ایک اور ذریعے کے مطابق شادی تقریب میں خودکش بمبار کی کارروائی کے نتیجے میں تین درجن کے قریب ہلاکتیں ہوئیں اور ان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق سپیشل فورسز نے کارروئی کی،وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق 22غیر ملکی دہشتگرد ہلاک ہوئے،14 کو گرفتار کر لیا گیاطالبان مکان کو دہشتگردی کی تربیت کے لئے استعمال کرتے تھے۔