پارلیمنٹ‘ پی ٹی وی حملہ کیس‘ علیم خان احتساب عدالت پیش‘ 30 ستمبر کیلئے استثنیٰ کی درخواست‘ اسی روز دیں: جج
اسلام آباد (نامہ نگار) پی ٹی وی پارلیمنٹ حملہ کیس پی ٹی آئی رہنما عبدالعلیم خان انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند کے روبرو پیش ہو گئے ہیں، جبکہ وکیل صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ علیم خان عمرے پر جا رہے ہیں۔ 30 ستمبر کی حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ جج نے استفسار کیا کہ جب آپ کے وارنٹ گرفتاری واپس ہو چکے تو کیوں پیش ہو رہے ہیں؟ اب آپ کو عدالت نے 30 ستمبر کو طلب کر رکھا ہے آپ حاضری سے استثنی کی درخواست اسی روز عدالت میں جمع کرائیں۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 30 ستمبر کو ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کا بیان حلفی جمع کرایا تھا، ملزم کو عدالت میں پیش کرنے کی یقین دہانی کے بیان حلفی پر وارنٹ گرفتاری واپس ہوئے آپ آرڈر میں لکھوا دیں کہ بیان حلفی کے تحت ملزم کو آج عدالت پیش کر دیا گیا ہے۔ جج نے ہدایت کی کہ پیر کی حاضری لگا دیں اور آئندہ سماعت پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دیں۔