خیبرپی کے میں پولیو کے 2 مزید کیسز سامنے آگئے،تعداد 50ہو گئی
پشاور(اے این این ) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت ہشام انعام اللہ خان کے حلقے لکی مروت میں پولیو کے 2 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی۔قومی ادارہ صحت کی پولیو وائرولجی لیبارٹری کے ایک عہدیدار نے آف دی ریکارڈ بات کرتے ہوئے بتایا کہ لکی مروت میں سامنے آنے والے دونوں کیسز میں ایک 6 ماہ کا بچہ ہے جبکہ دوسرا بچہ 18 ماہ کا ہے۔ حالیہ دونوں کیسز سامنے آنے کے بعد صرف خیبرپختونخوا میں رواں سال پولیو کیسز کی کل تعداد 50 ہوگئی ہے جبکہ ملک بھر میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 66 تک جاپہنچی ہے۔عہدیدار نے بتایا کہ رواں سال سامنے آنے والے پولیس کیسز میں 6 کا تعلق سندھ سے جبکہ پنجاب اور بلوچستان میں 5، 5 کیسز سامنے آئے۔انہوں نے کہا کہ یہ خاصی پریشان کن بات ہے کہ بنوں کے بعد لکی مروت میں پولیو کیسز سامنے آرہے ہیں ضلع میں انسداد پولیو مہم کے دوران ویکسین پلانے سے انکار کے واقعات کی وجہ سے ہزاروں بچے ویکسینیشن سے محروم رہ گئے۔اس ضمن میں جب صوبائی وزیر صحت سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تو متعدد مرتبہ کوششوں کے باوجو وہ دستیاب نہیں ہوئے۔