معاشی استحکام سے ہی معاشرہ ترقی کی منازل طے کرتا ہے:شوکت علی لالیکا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیر زکوۃ و عشر پنجاب شوکت علی لالیکا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک سے غربت کا خاتمہ کرکے نچلے اور وسائل سے محروم طبقے کی فلاح و بہبود کے خواہاں ہیں تاکہ سماجی انصاف کے تقاضوں کے مطابق معاشی بنیادوں پر تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آسکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخوت فاونڈیشن کے زیر اہتمام بہاول نگر میں جامعہ رضائے مصطفی ٹرسٹ میں بلاسود قرض کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ادارہ اخوت کی جانب سے 521 مردو خواتین میں بلا سود قرض کے ایک کروڑ 60 لاکھ 55 ہزار روپے کی رقم کے چیک تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام سے ہی معاشرہ ترقی کی منازل طے کرتا ہے،معاشی خود انحصاری سے معاشرتی جبر و استحصال سے نجات ملتی ہے اور لوگوں کی شعوری سطح بلند ہونے سے ہر میدان میں ترقی کی راہیں بھی کھلتی ہیں۔