• news

سری لنکن ٹیم پاکستان پہنچ گئی‘شاندار استقبال ‘سکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور+کراچی(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے سونے میدان آباد کرنے کیلئے سری لنکن ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے، کراچی پہنچنے پر مہمان ٹیم کا شاندار استقبال کیا گیا۔ مہمان ٹیم جب کراچی پہنچی تو ایئر پورٹ پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔سری لنکن ٹیم کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور سخت سکیورٹی کے حصار میں مہمان ٹیم کو ہوٹل پہنچا دیا گیا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم کا کنٹرول سکیورٹی ایجنسیوں نے سنبھال لیا ہے۔ اس سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم شہر قائد پہنچ گئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں ٹیموں کی پریکٹس کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ دوپہر 2 بجے سری لنکا کرکٹ ٹیم نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کریگی۔ پریکٹس سیشن سے قبل سری لنکن ٹیم کا ایک کھلاڑی نیشنل سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرے گا۔شام 6 بجے پاکستان ٹیم نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کریگی۔ دوپہر 2 بجے پاکستان ٹیم ٹریننگ کریگی۔ جمعرات کو پاکستان کرکٹ ٹیم سرفراز احمد پریس کانفرنس کریں گے۔اس کے بعد سرفراز احمد اور سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کپتان لاہیرو تھری مانے ٹرافی کے ہمراہ پری سیریز فوٹو سیشن میں شرکت کریں گے۔اس کے بعدتھری مانے پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ شام 6 بجے سری لنکن ٹیم ٹریننگ کریگی۔ نیشنل سٹیڈیم کے میں ون ڈے سیریز کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 27 ستمبر کو کھیلا جائیگا۔ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر کے مطابق کراچی کے نیشنل سٹیڈیم کے اطراف میں ساڑھے 3 ہزار پولیس کے اہلکار و افسران تعینات کئے گئے ہیں ، جن میں سپیشل سکیورٹی یونٹ، سندھ ریزروو پولیس، ریپڈ رسپانس فورس، سپیشل برآنچ اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے اہلکار و افسران شامل ہیں۔ نیشنل سٹیڈیم کی اندرونی سکیورٹی رینجرز کے پاس ہوگی، سٹیڈیم کے پاس موجود تمام بلند عمارتوں پر ماہر نشانے باز تعینات کئے جائیں گے جبکہ اطراف کے علاقوں مکمل طور پر سیل رہیں گے۔ٹیموں کے روٹ کی سکیورٹی مکمل طور پر سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بھی لی جائے گی، نیشنل سٹیڈیم تک پہنچنے کیلئے 4 پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں جن میں غریب نواز گرائونڈ، ایکسپو سینٹر، اردو یونیورسٹی گرائونڈ، اور رانا لیاقت علی کالج شامل ہیں۔شائقین کو پارکنگ سے سٹیڈ یم پہنچانے کیلئے شٹل سروس کا انتظام بھی کیا گیا ہے،میچ کے اوقات سہ پہر 3 بجے سے رات 11 بجے تک ہوں گے جبکہ شائقین کو موبائل فون لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ٹریفک پولیس حکام کے 2 ہزار سے زائد اہلکا ر بھی سیریز کے دوران تعینات رہیں گے۔ وینیو کا کونا کونا کیمروں کی نظرمیں ہوگا۔مختلف ایریاز میں 80 سے زائد ہائی ریزولوشن کیمرے نصب کردیے گئے، انکلوژرز،گراونڈ، پویلین اورسٹیڈیم کے اندرونی ایریاز کیمروں کی مکمل نگرانی میں ہوں گے،گراونڈ کے چاروں اطراف،ملحقہ سڑکیں اورعمارتیں بھی کیمرے کی آنکھ سے نہیں بچ سکیں گی،جدید کیمروں کے ذریعے سٹیڈیم میں بیٹھے ہرشخص کی نقل وحرکت مانیٹرہوگی،سٹیڈیم کے باہرسے گزرتی ایک ایک گاڑی کوبھی مانیٹرکیا جائیگا۔کیمرے رات کی تاریکی میں بھی ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں،کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کی نگرانی سکیورٹی ادارے کریں گے، رش سے بچنے کیلئے شائقین کو میچ شروع ہونے سے تین گھنٹے قبل سٹیڈیم پہنچنے کی ہدایت کردی جائے گی، تماشائی کم از کم5 مقامات پر چیکنگ کے مراحل سے گزرنے کے بعد ہی اپنے سٹینڈز تک پہنچ پائیں گے۔قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے شائقین سے درخواست کی ہے کہ وہ دونوں ٹیموں اور کرکٹ کو سپورٹ کرنے بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں۔ اپنے ہوم گراؤنڈ میں قومی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کی قیادت میرے کیریئر کا یادگار لمحہ ہوگا۔ یقین ہے میدان میں اترتے وقت ہوم کراؤڈ کے سامنے ہمیں بھرپور سپورٹ ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن