بلاول کی آمد سے قبل خورشید شاہ کی رہائش گاہ پر نیب کا چھاپہ، کارکنوں کا احتجاج
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) قومی احتساب بیورو (نیب) سکھر کی جانب سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی آمد سے کچھ دیر قبل ہی سینئر رہنما خورشید شاہ کی رہائش گاہ پر 'چھاپہ' مارا گیا جس پر پارٹی کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔ اس ضمن بتایا گیا کہ نیب افسران نے مجسٹریٹ کے ہمراہ سندھ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی رہائش گاہ پر ’شواہد جمع‘ کرنے کے لیے تلاشی لی۔ علاوہ ازیں نیب سکھر نے خورشید شاہ کے گھر کی پیمائش بھی کی۔ نیب ٹیم کی جانب سے کمروں کی تلاشی، بنگلے کی پیمائش، چھاپے کی اطلاع پر سیکڑوں کارکنان گھر کے باہر جمع ہوگئے اور نیب کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے۔ بتایا گیا کہ مظاہرین کی موجودگی پر مقامی پولیس کو بھی طلب کر لیا گیا۔ نیب کی ٹیم تلاشی مکمل کرنے کے بعد خورشید شاہ کے صاحبزادے و رکن صوبائی اسمبلی سید فرخ شاہ کو لکھ کر دیا کہ ’نیب نے مجسٹریٹ کی موجودگی میں تلاشی لی تاہم کچھ برآمد نہیں ہوا اس لیے کچھ بھی لیکر نہیں جا رہے ہیں‘۔