سی پیک پاکستانی عوام کیلئے خوشحال مستقبل لائے گا: چینی قونصل جنرل
لاہور (نیوز رپورٹر )عوامی جمہوریہ چین کے یکم اکتوبر کو 70 ویں قومی دن کے حوالے سے لاہور کے مقامی ہوٹل میں تقریب ہوئی۔ جس میں چینی قونصل جنرل مسٹر لونگ ڈنگ بن، وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس، وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت، نوائے وقت کے ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری، ڈپٹی قونصل جنرل لاہور مسٹر فنگ زہنگ وو سمیت چائنیز حکام اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ قونصل جنرل لونگ ڈنگ بن نے قومی دن کے موقع پر تقریب میں شرکت کرنیوالے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کی لازوال دوستی قابل فخر ہے۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کاخصوصی ذکر کرتے ہوئے کامیابیوں اور پاکستانی عوام کے لئے خوشحالی سے بھرپور مستقبل کی نوید سنائی ۔ انہوں نے عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ کا پیغام پڑھ سنایا جس میں انہوں نے چین کی 70 سال میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کا ذکر کیا۔ مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب مصروفیات کی وجہ سے تقریب میں شریک نہ ہوسکے۔ صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے وزیرا علیٰ پنجاب کی طرف سے نمائندگی کرتے ہوئے چینی حکومت اور عوام کو ان کے قومی دن پر مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی مثالی دوستی دونوں ممالک کے عوام کے لئے قابل فخر ہے۔ سی پیک یقیناً پاکستان کے لئے بڑا تحفہ ہے جس پر حکومت پاکستان اور عوام اپنے برادر چین کے مشکور ہیں۔ لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے قونصل جنرل مسٹر لونگ ڈنگ بن سے ملاقات میں ایم ڈی نوائے وقت گروپ رمیزہ نظامی کی طرف سے چین کے قومی دن پر انہیں مبارکباد دی اور انہیں نوائے وقت کی طرف سے شاہراہ ریشم اور بیلٹ اینڈ روڈ سے سی پیک تک کے عنوان سے چھپنے والے قسط وار سلسلہ بطور تحفہ پیش کیا جس پر مسٹر لونگ ڈنگ بن نے اظہار مسرت کیا اور نوائے وقت کی کاوش کو سراہا۔ بعدازاں لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری نے صوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس سے ملاقات کی۔ آخر میں کیک کاٹا گیا اور شرکا کی ڈنر سے تواضح کی گئی۔