• news

لیاقت قائم خانی کا دوسرا لاکر خالی نکلا، مزید ساتھیوں کی گرفتاری کا فیصلہ

اسلام آباد/ کراچی(نامہ نگار+ صباح نیوز) سابق ڈی جی پارکس سندھ لیاقت قائم خانی اور ان کے اہل خانہ تحقیقاتی اداروں کو چکما دینے کامیاب، نیب کی ٹیم نے بڑی تگ و دو کے بعد دوسرا لاکر کھولا تو وہ خالی نکلا۔ تفصیلات کے مطابق سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے گھر میں موجود دوسرا لاکر کھولنے میں ناکامی کے بعد نیب کی ٹیم لیاقت قائم خانی کو واپس کراچی لائی اور ان کے ذریعے لاکر کھولا گیا۔ جب لاکر کھولا گیا تو نیب کی ٹیم چکرا کر رہ گئی کہ جس لاکر کو کھولنے میں اتنی محنت کی گئی وہ خالی نکلا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیاقت قائم خانی کے اہل خانہ کو لاکر نہ کھلنے کے سبب جو وقفہ ملا تھا اس دوران ملزم کے اہل خانہ نے دوسرے لاکر کا قیمتی سامان کسی نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ گزشتہ روز چھاپے کے وقت دیکھا گیا تھا کہ نیب کی کئی گاڑیاں لیاقت قائم خانی کے گھر کے اندر اور باہر موجود رہیں، نیب کی ٹیم لیاقت قائم خانی کے گھر عقبی راستے سے داخل ہوئی، پولیس ٹیم بھی ہمراہ رہی تھی۔ لیاقت قائم خانی کا لاکر کھولتے کھولتے ڈرل مشین کی 8 ڈسکس ٹوٹ گئیں، نیب اہل کاروں نے لاکر کھولنے کے لیے ڈرل مشین کی مزید 20 آریاں منگوا ئی تھیں لیکن ناکام رہے تھے۔ نیب ٹیم نے 7 گھنٹے بعد لاکر کھولنے کی کوششیں ترک کر دی تھیں۔ قومی احتساب بیورو نے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے چھ مبینہ فرنٹ مین کی تلاش کیلئے نیب ٹیم کو ٹاسک دیدیا ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق لیاقت قائم خانی کے گھر اور تجوری سے ملنے والے دستاویزات کے بعد نیب نے مزید گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن