• news

ڈینگی سے لاہور ، راولپنڈی میں دو خواتین جاں بحق سرویلنس ٹیم پر حملہ، 3 گرفتار

راولپنڈی / وزیر آباد (جنرل رپورٹر/ اپنے سٹاف رپورٹر سے/ نامہ نگار) ڈینگی سے لاہور اور راولپنڈی میں دو خواتین جاں بحق ہو گئیں۔ راولپنڈی میں ڈینگی سرویلنس ٹیم پر پھر حملہ ہوا، تین ملزموں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈینگی کے باعث وزیر آباد کے علاقے موضع بھروکے چیمہ کی ستر سالہ رسولاں بی بی شیخ زید ہسپتال لاہور میں دم توڑ گئی۔ چھ روز سے بخار میں مبتلا معمر خاتون کو تین روز قبل ڈسٹرکٹ ہسپتال گوجرانوالہ سے لاہور منتقل کیا گیا۔ دریں اثناء بے نظیر بھٹو ہسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ ایک اور خاتون آمنہ جاں بحق ہوگئی ہے، جس سے رواں سیزن میں اب تک ڈینگی سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تقریباً 16ہو گئی۔ راولپنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 3500 سے تجاوز کر گئی ہے۔ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی اپیل پر راولپنڈی کے5بڑے نجی ہسپتالوں میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کے لئے مجموعی طور پر67بستر مختص کر دیئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پرڈینگی کی تشخیص کے لئے 3 موبائل میڈیکل یونٹس راولپنڈی پہنچ گئے ہیں جنہوں نے ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں کام کا آغاز کر دیا ہے موبائل یونٹس میں لیڈی ڈاکٹر سمیت 2 ڈاکٹراور عملے کے 14 افرد تعینات ہیں ،موبائل میڈیکل یونٹس میں خون کے نمونے حاصل کرکے ڈینگی ٹیسٹ کیا جاتا ہے ،موبائل یونٹس میں ای سی جی، ایکسرے مشین، بلڈ شوگر کا آپریٹس موجودہے جبکہ مریضوں کی آن لائن رجسٹریشن کی جارہی ہے جبکہ مریضوں کوٹیسٹوں کا رزلٹ فوری فراہم کیا جاتا ہے دریں اثناء راولپنڈی کی کچی آبادی ڈھوک منشی میں ڈینگی سرویلینس ڈیوٹی کرنے والی ٹیم پر حملہ کر دیا گیا اطلاع ملنے پر سی پی او نے فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا جس پر تین ملزموں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ علاوہ ازیں چنیوٹ میں ایک خاندان کے تین افراد سمیت چھ افراد جبکہ پیر محل میں ایک نوجوان وائرس کا شکار ہو گیا تشویشناک حالت کے باعث تین افراد چنیوٹ سے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا۔ وزیر آباد سے نامہ نگار کے مطابق وزیر آباد اور گردونواح میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن